حیدرآباد،28؍نومبر(ایس او نیوز؍یواین آئی ) وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ کانگریس اور ٹی آرایس دونوں خاندانی سیاست میں یقین رکھتے ہیں۔یہ دونوں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ دونوں جماعتیں ووٹ بینک کی سیاست میں یقین رکھتی ہیں۔ان میں سے کسی میں بھی داخلی جمہوریت نہیں ہے ۔وزیراعظم نے تلنگانہ انتخابات کے سلسلہ میں ضلع نظام آباد میں بی جے پی امیدواروں کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آرایس اور کانگریس دوستانہ۔حکمرانی والی جماعتیں ہیں جو تلنگانہ انتخابات میں دوستانہ میچ کھیل رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلی کے چندرشیکھرراؤ کی اپرنٹس شپ کانگریس ہے ۔انہوں نے کانگریسیوں سے سیکھا اور تلنگانہ کو برباد کیا۔مودی نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ کے چندرشیکھر راؤ کی حکومت میں ریاست کے عوام کو پینے کا مناسب پانی نہیں مل سکا جبکہ وزیراعلیٰ نے یہ کہا تھا کہ اگر وہ ہر گھر کو پینے کا پانی فراہم نہیں کر پائے تو وہ ووٹ نہیں مانگیں گے ۔وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کا مضحکہ اڑاتے ہوئے کہاکہ چندرشیکھر راؤ نے کہا تھا کہ نظام آباد کو لندن بنادیں گے لیکن یہاں تو بجلی، پانی ، سڑک جیسی سہولتوں کے لئے بھی لوگ ترس رہے ہیں۔ یہاں بنیادی سہولتوں اور ترقی کی کمی ہے ۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کی تشکیل کئی برسوں کی جدوجہد اورکئی نوجوانوں کی قربانی کے ذریعہ ہوئی ہے ۔ان قربانیوں کو برباد کرنے کا کوئی بھی اختیار یہاں کی حکومت کو نہیں ہے ۔تلنگانہ کے عوام نے جو خواب دیکھے تھے ان سے کھلواڑ کرنے کا حق کسی حکومت ، لیڈر اور سیاسی جماعت کو نہیں ہے ۔تلنگانہ کی تشکیل کے ساڑھے چار سال کے دوران کئے گئے کاموں کا حساب اور پل پل کا حساب یہاں کی حکومت سے مانگنے کا یہ چناؤ ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ جنہوں نے یہاں کے نوجوانوں، کسانوں،دلت ، قبائلیوں، مراعات سے محروم افراد سے تیز تر ترقی کا وعدہ کیا تھاوہ اپنے وعدوں پر کھرے نہیں اتر پائے ۔ان انتخابات میں ان کو سبق سکھانا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ ترقی میں یقین رکھتے ہیں ان کو چاہئے کہ وہ بی جے پی کو منتخب کریں ۔جو نئے تلنگانہ ، نئے ہندوستان میں یقین رکھتے ہیں ملک کو آگے لے جانے کیلئے بی جے پی پر اعتماد رکھتے ہیں وہ بی جے پی کو منتخب کریں۔انہوں نے کہاکہ اس ملک میں کانگریس نے ترقی نہیں دی پھر بھی50تا55برس تک وہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرتے رہے ،یہاں کے وزیراعلیٰ اور ان کے خاندان کو یہ لگتا ہے کہ اگر کانگریس کچھ کئے بنا انتخابات میں کامیابی حاصل کرسکتی ہے تو وہ بھی جیت جائیں گے ۔